بینظیر بھٹو اٹھارہ اکتوبر کراچی ائر پورٹ پر اتریں گے
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور کارکنان پارٹی کی چئرپرسن بینظیر بھٹو کی اٹھارہ اکتوبر کو وطن واپسی پر کراچی میں ان کا استقبال کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ دوسری جانب اندرون ملک کے مختلف شہروں سے قافلے کراچی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
پی پی پی کراچی کے صدر راشد ربانی نے بی بی سی کو بتایا کہ عمرکوٹ سے سینتالیس افراد پر مشتمل قافلہ پیر کو پیدل نو دن کے بعد کراچی پہنچا ہے جبکہ گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں پر مشتمل مزید قافلے راستے میں ہیں جو اپنی رہنماء کے استقبال کے لئے کراچی پہنچیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کی مختلف شاہراہوں پر بینرز، پلے کارڈز اور ہورڈنگز لگائی گئیں ہیں جن پر بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی تصاویر اور نعرے درج ہیں۔ دوسری جانب مختلف عمارتوں کو بھی سجایا جارہا ہے۔
راشد ربانی نے کہا کہ بینظیر بھٹو اٹھارہ اکتوبر کی دوپہر کراچی پہنچیں گی اور ائرپورٹ کے باہر اسٹار گیٹ سے وہ جلوس کی قیادت کرتے ہوئے مزارِ قائد جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مزارِ قائد پر عوام سے خطاب کریں گی اور اس کے بعد وہ کلفٹن میں واقع اپنی رہائش گاہ بلاول ہاؤس جائیں گی.